مینگلور 11/اپریل (ایس او نیوز) ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ کئی دنوں سے شدید گرمی محسوس کی جارہی تھی جس سے عوام کا حال بے حال تھا، مگر آج ضلع جنوبی کینرا کے بعض علاقوں میں بھاری بارش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد مینگلور میں بھی عوام کو گرمی سے تھوڑی راحت محسوس ہوئی ہے۔
شام قریب چار بجے مینگلور میں اچانک بادل چھاگئے اور تھنڈی ہوائیں چلنی لگی، جس سے عوام نے تھوڑی بہت راحت کی سانس لی، ایسے میں خبر ملی ہے کہ قریبی علاقہ بنٹوال سمیت اطراف کے دیہاتوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بنٹوال میں بارش کے ساتھ ساتھ بادل کی گرجدار آوازوں کے ساتھ بجلی گرنے اور ہوائی چلنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
طوفانی ہواوں کے ساتھ ہوئی آج کی بے موسم برسات سے بنٹوال تعلقہ کے بڈولی نیشنل ہائی وے 75 پر ایک گھنا درخت گرنے کی بھی اطلاع ملی ہے جس کے نتیجے میں کافی وقت تک ہائی وے پر ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا، الیکٹرک کھمبا سمیت بجلی کے تار بھی سڑک پر گرنے سے عوام کو تکلیفات کا سامنا کرنا پڑا، مگر بعد میں سرکاری اہلکاروں نے مناسب کاروائی انجام دینے کے بعد ہائی وے کو صاف کیا گیا۔
شام کو چار بجے سے رات نو بجے تک مینگلور اور دیگر اطراف کے علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور موسم یکلخت تبدیل ہوگیا ہے۔
البتہ پڑوسی ضلع اُترکنڑا کے بھٹکل سمیت دیگر علاقوں میں شدت کی گرمی سے عوام پریشان ہیں۔ آج بھٹکل میں درجہ حرارت 34 ڈگری ریکارڈ کی گئی ہے۔